ٹک ٹاک نے پاکستان میں ایک کروڑ 41 لاکھ ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں
مختصر دورانیے کی ویڈیوز کی ممتاز پلاٹ فارم ٹک ٹاک نے سال 2023 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون، 2023ء) کے لیے اپنی تازہ ترین کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں غلط معلومات سے نمٹنے اور ایک محفوظ اور جامع مقام بنانے کے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔
یہ رپورٹ ٹک ٹاک کے احتساب کے ذریعے اعتماد حاصل کرنے اور اپنی کمیونٹی کے لیے محفوظ اور دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کے عزم پر بھی زور دیتی ہے۔
دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں مجموعی طور پر 106,476,032 وڈیوز حذف کیں گئیں جو ٹک ٹاک پر اَپ لوڈ کیں گئیں تمام ویڈیوز کا تقریباً 0.7 فیصد ہیں۔
ان ویڈیوز میں سے 66,440,775 خود کار نظام کے ذریعے حذف کیں گئیں جبکہ 6,750,002 ویڈیوز کو ریویو کے بعد حذف کیا گیا۔
پاکستان میں سال 2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران، کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر 14,141,581 ویڈیوز حذف کیں گئیں۔
کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے علاوہ ٹک ٹاک نے فعال طور پر اسپیم (spam) اکاؤنٹس اور متعلقہ کانٹینٹ کو بھی ہدف بنایا اور خودکار طریقے سے اسپیم اکاؤنٹس (spam accounts) کی تخلیق روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔