یورپین پارلیمنٹ نے اسکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کے بعد آئندہ 5 سال کے لیے نئے یورپین کمشنرز کی توثیق کردی۔
اس حوالے سے یورپین پارلیمنٹ کے اسٹراسبرگ میں جاری اجلاس کے دوران بدھ کے روز ووٹنگ ہوئی۔ جس میں 720 ارکان میں سے 370 ارکان نے یورپین کمیشن کی دوسری مرتبہ منتخب ہونے والی صدر ارسلا واندرلین کی جانب سے پیش کردہ کمشنرز کے حق میں ووٹ دے دیا۔ 282 ارکان نے مخالفت کی جب کہ 36 ارکان نے غیر حاضری دکھائی۔
پارلیمنٹ کی جانب سے اس توثیق کے بعد نیا کمیشن یکم دسمبر سے آئندہ 5 سال کے لیے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لےگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے (یوکرین کے تناظرمیں) ‘آزادی’ کو یورپین یونین کی کلیدی قوت قرار دیا۔
انہوں نےکہاکہ آزادی کے لیے لڑنا بطور یورپین ہمیں آپس میں جوڑتا ہے۔ ہمارا ماضی، ہمارا حال ، ہماری قومیں اور ہماری نسلیں، میرے لیے یہ ہماری یونین کی بنیاد ہے اور میرے لیے یہ آج پہلے سے کہیں زیادہ یورپ کے لیے ایک محرک قوت بنی ہوئی ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے اعلان کیا کہ نئے کمیشن کا پہلا کام "مسابقتی کمپاس ” پر عملدرآمد شروع کرنا ہوگا جو امریکا اور چین کے ساتھ یورپ کے جدت طرازی کے فرق کو ختم کرے گا۔ سلامتی اور آزادی میں اضافہ کرےگا اور ڈی کاربونائیزیشن کو ڈیلیور کرے گا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے یورپ سے اپنے دفاع پر زیادہ خرچ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی کو مضبوط بنانا بہت ضروری ہے۔