سعودی عرب: پاکستانی جڑواں بہنوں کا کامیاب آپریشن
سعودی عرب میں پاکستانی جڑی ہوئی بچیوں فاطمہ اور مشاعل کے کامیاب آپریشن پر بچی کے والد نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بچیوں کے والد کا کہنا تھا کہ سعودی فرمانروا اور ولی عہد نے میری بچیوں کو جو دیا ہے اس پر شکر گزار ہوں۔ بہت خوش ہوں کہ اب دونوں بچیاں معمول کی زندگی گزار رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی بچیوں فاطمہ اور مشاعل نے بھی سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر الربیعہ اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ سوات سے تعلق رکھنے والی جڑی ہوئی ان دو بچیوں کو علیحدہ کرنے کے لیے 2016 میں آپریشن کیا گیا تھا، پیٹ اور سینے سے دونوں بچیاں جڑی ہوئی تھیں۔
اب تک سعودی عرب میں 22 ملکوں کے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے 118 بچوں کے کامیاب آپریشن کئے جاچکے ہیں۔سعودی عرب میں تین دہائی قبل اس نوعیت کا آپریشن کرنا انتہائی اہم پیش رفت اور چیلنج سمجھا جاتا تھا۔
اس وقت کی رپورٹوں کے مطابق آپریشن میں کامیابی کا تناسب 55 سے 60 فیصد تھا تاہم پہلا کامیاب آپریشن سیامی بچوں کے آپریشن کے میدان میں ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔