پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی رہائی کیلیے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی احتجاج کیا گیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرین نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شدید سردی اور بارش کے باوجو مظاہرین گھنٹوں پاکستانی سفارت خانے کے گرد شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔
مظاہرے کی قیادت پارٹی رہنما یاسر قدیر، عابد ملک، چوہدری افضال ڈھل، چوہدری ابرار کیانی، اکرام رانجھا، چوہدری سلیم بوڑا، چوہدری ماجد چیمہ و دیگر نے کی۔
رپورٹس کے مطابق مظاہرہ کرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پیرس میں پارٹی رہنماؤں نے پاکستانی سفارت خانہ کے باہر عمران خان سمیت تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب پنجاب کی سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاسٹ کال ”لاسٹ فال“ میں تبدیل ہوگئی، پنجاب اور لاہورکے عوام کا شکریہ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فرنچائز پی ٹی آئی کا آج دیوالیہ ہوگیا، عوام نے مسترد کردیا، کہا تھا گھر کا معاملہ گھر میں ہی طے کرلیں، پنجاب کی عوام پاکستان اور صوبے کی ترقی کے ساتھ ہیں، الجہاد فساد اور فتنہ کی نذر ہوگیا۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی، علیمہ باجی دونوں غائب ہیں، جلد علی امین کے غائب ہونے کی خبرآئیگی، بشریٰ بی بی اورعلیمہ دونوں نے بانی پی ٹی آئی کو بھی فارغ کردیا۔
انھوں نے کہا کہ فتنہ جیل میں بند ہے پہلے ملک لوٹنے پر لگا ہوا تھا اب فساد پھیلانے پر لگا ہوا ہے، ہمیشہ ملک بند کرنے کی بات کی اور ہمیشہ ملک بند کیا۔
آدھا انقلاب انقلاب سے پہلے گرفتار اور آدھا انقلاب سے پہلے بھاگ گیا، نہ انقلاب آیا نہ بانی چھُوٹا لیکن ایک بات ثابت ہوگئی عوام نے فتنہ، فساد کو چھوڑ دیا۔