تھائی لینڈ میں دوستوں سے قرض لے کر انہیں زیر دینے والے خاتون کو سزائے موت سنادی گئی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس نے 36 سالہ سررات رنگسیوتھاپورن کو 2015 سے لے کر گزشتہ سال تک کل 14 افراد کے قتل میں ملوث قرار دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سررات جوئے کی لت میں مبتلا تھی اور اس نے اپنے دوستوں سے قرض لے رکھا تھا، وہ جن دوستوں سے قرض لیتی انہیں زہر دے کر قتل کردیتی اور ان کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا چرالیتی۔
سررات کو سزائے موت گزشتہ سال اپنی ایک امیر دوست کے کھانے میں زہر ملانے کر اسے قتل کرنے کے جرم میں دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس سررات نے ایک تفریحی دورے کے دوران اپنی دوست کے کھانے میں زہر ملایا اور دوست کی موت کے بعد اس کا سامان اور موبائل فون بھی غائب تھا۔
عدالت نے سررات کے سابق شوہر جو سابق پولیس اہلکار بھی ہے اور اس کے وکیل کو بھی ثبوت چھپانے کے جرم میں قید کی سزا سنائی ہے۔سررات کے سابق شوہر نے گزشتہ سال خود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس نے سررات کے ایک سابق بوائے فرینڈ کو زہر دینے میں اس کی مدد کی تھی۔