امریکی فوجی جج نے نائن الیون کے مبینہ ماسٹرمائنڈ کے ساتھ ڈیل بحال کردی

0 3

امریکی فوجی جج نے نائن الیون مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد اور دیگر2 ملزمان کے ساتھ معاہدوں کی ڈیل کو بحال کر دیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے 3 ماہ قبل نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ اور دیگر 2 ملزمان کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ ائیرفورس کے کرنل اورجج میتھیو مک کال نے معاہدہ بحال کردیا ہے۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تینوں ملزمان کے ساتھ معاہدے قابل عمل اور درست ہیں۔ استغاثہ کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ اپیل کریں گے یا نہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ استغاثہ کی جانب سے سزائے موت کی درخواست نہ کرنے کی صورت میں تینوں ملزمان جرم قبول کرلیں گے۔

ترجمان پینٹاگون نے بیان میں کہا کہ ہم فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس وقت ہمارے پاس کہنے کو مزید کچھ نہیں ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے رواں سال جولائی میں بیان دیا تھا کہ نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور دیگر 2 ملزمان کے ساتھ ڈٰل کرلی گئی ہے تاہم امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے 2 روز بعد ہی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق نائن الیون دہشت گرد حملوں کی مبینہ طور پر منصوبہ بندی کرنے والے خالد شیخ اور دیگر 2 ملزمان ولید محمد صالح مبارک بن عطاش اور مصطفیٰ احمد آدم الحوساوی کیوبا میں امریکی بحری اڈے گونتا ناموبے میں بغیر کسی مقدمے کے برسوں سے قید ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.