ایران اسرائیل کشیدگی، انٹونی بلنکن کا اہم بیان

0 3

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل ایران کشیدگی روکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا غزہ کے متاثرین کیلیے 13 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز کی امداد فراہم کرے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد کے ساتھ دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لبنان میں جنگ کو طول نہ دینے کیلئے اسرائیل پر زور دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ سے اسرائیلی فورسز کا انخلا یقینی بنانے کیلئے منصوبہ سازی ضروری ہے۔ موجودہ صورتحال غزہ جنگ کے خاتمے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کیلئے سازگار ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں امدادی سامان کی بروقت تقسیم کیلئے اسرائیل پر زور دیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں مقررہ اہداف پالیے ہیں، جنگ رکنی چاہیے، غزہ کے شہریوں کو امدادی سامان کی سخت ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا اسرائیلی کارروائیوں سے 7 اکتوبر 2023 جیسا حملہ دوبارہ ہونے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں، قطری حکام کے ساتھ غزہ میں فلسطینی حاکمیت اور قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ لبنان جنگ کے تمام فریق اقوام متحدہ کی قرار داد 1701 کی مکمل پاسداری کریں، صدارتی خلاء کو پُر کرنے کیلئے لبنان کی تمام جماعتوں کی مدد کریں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے انسانیت سوز مظالم ڈھاتے ہوئے غزہ کے اسپتالوں پر وحشیانہ بمباری کر دی جب کہ علاج میں مصروف ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حراست میں لے لیا۔

شمالی غزہ کے محاصرے کے دوران اسرائیلی فوج نے کمال عدوان پر براہ راست بمباری کی اور شہریوں کا قتل عام کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے اسپتال میں داخل ہو کر سرجنز اور ڈاکٹرز کو پکڑ لیا۔

ڈائریکٹراسپتال کے مطابق اسپتال میں موجود زخمیوں کی سرجریز رک گئی کیونکہ ڈاکٹرز نہیں، 15 سے زائد ایسے کیسز ہیں جن کی فوری سرجری کی ضرورت ہے۔

اسرائیلی فوج نے انتہائی نگہداشت یونٹ کو نقصان پہنچایا اور اسپتال کے اطراف میں 2 گھنٹے تک بمباری کی۔ اسرائیل فوج نے اسپتال کے اطراف بمباری کر کے عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.