پاکستان کی طرف سے بھارت کیساتھ کرتارپور راہداری معاہدے کی تجدید

0 4

ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے کرتارپور راہداری معاہدے کی تجدید کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی دفتر خارجہ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے راہداری معاہدے میں 5 برس کی توسیع کردی گئی ہے، کرتارپور راہداری معاہدہ 24 اکتوبر 2019 سے 5 سال کی مدت کیلئے کیا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کرتارپور راہداری معاہدہ 24 اکتوبر2024 کو اپنی مدت مکمل کررہا تھا، معاہدے کی تجدید سے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے پاکستان کےعزم کا اظہار ہوتا ہے۔

کرتارپور راہداری معاہدہ بھارت سے آنے والے یاتریوں کو ویزا فری سہولت فراہم کرتا رہےگا، کرتارپور راہداری ہزاروں یاتریوں کو مقدس مقام تک سہولت فراہم کرچکی ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ راہداری سکھ برادری کی مذہبی مقام تک رسائی کےحصول کی تمناؤں کو پورا کرنے کا ذریعہ بنی، راہداری پاکستان کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کرتارپور راہداری کو دنیا بھر سے سراہا گیا جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھی شامل ہیں، سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرتارپور راہداری کو امید کی راہداری قرار دیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.