پڑوسی ممالک نے وعدہ کیا ہے کہ اپنی زمین یا فضا استعمال نہیں ہونے دیں گے، ایران

0 2

کویت: ایران نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک ایران کے خلاف اپنی ’سرزمین یا فضائی حدود‘ کو حملے میں استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران کے میزائل حملے کا بدلہ لینے کے پس منظر میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ پڑوسی ممالک نے وعدہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی حملے کے لیے اپنی سرزمین یا فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایران نے اسرائیل پر یکم اکتوبر کو بڑا میزائل حملہ کیا تھا، جس نے اسرائیلی میزائل ڈیفنس سسٹم کو بھی ناکارہ کر دیا تھا، اور اب کویت میں ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ’’ہمارے تمام پڑوسیوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

کویت جانے سے قبل عباس عراقچی نے پیر کے روز بحرین کا بھی دورہ کیا تھا، اس علاقائی دورے کے دوران وہ سعودی عرب، قطر، عمان، عراق، مصر اور ترکی بھی گئے۔

عراقچی نے کہا ’’ہم خطے میں امریکی اڈوں کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی تمام نقل و حرکت اور پروازوں سے باخبر ہیں، اگر اسرائیل کسی بھی شکل میں ایران پر حملہ کرتا ہے تو ایران اسی شکل میں جواب دے گا۔‘‘

واضح رہے کہ اسرائیل کے کٹر اتحادی اور پشت پناہ ملک امریکا کے فوجی وسائل بحرین، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت پورے خطے میں پھیلے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف ایران کے صدر مسعود پیزشکیان حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کے قتل پر رد عمل میں کہا ہے کہ ’’مغرب بے شرمی سے انسانیت کے خلاف جرائم کا دفاع کر رہا ہے، اسرائیل کے ساتھ جاری تنازعہ ایک یا دو افراد کے قتل سے ختم نہیں ہو سکتا، بلکہ انصاف کے قیام سے ختم ہو سکتا ہے۔‘‘

انھوں نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی اور انسانیت کے خلاف ہر جرم کا بے شرمی سے دفاع کرنے پر یورپی ممالک اور امریکا کی شدید مذمت کی۔ اور کہا انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی بات کرنے والی حکومتیں اور قوتیں خود تمام قوانین اور حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.