کھٹمنڈو: نیپال میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی جس کے بعد حادثات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 193 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال میں دارالحکومت کھٹمنڈو سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور اب تک ہونے والے حادثات میں 193 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 30 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ کھٹمنڈو کے کچھ حصوں میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے بعد ہونے والے حادثات کے بعد صرف دارالحکومت کھٹمنڈو میں اب تک 33 اموات ہوئی ہیں۔
نیپالی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ اب تک 4 ہزار افراد کو ہیلی کاپٹر اور موٹر کشتیوں کی مدد سے ریسکیو کیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی گزشتہ روز نیپال میں سیلاب سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیپال کے ساتھ مکمل یکجہتی کےساتھ کھڑے ہیں اور مدد کےلیے تیار ہیں۔