آئی پی آئی کا امریکا سے آزادی صحافت کیلئے عالمی سائبرکرائم معاہدہ مستردکرنےکا مطالبہ

0 19

انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ (آئی پی آئی) نے امریکی حکومت پر زور دیا ہےکہ وہ آزادی صحافت کے لیے عالمی سائبرکرائم معاہدےکو مسترد کردے۔

صحافیوں کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے آئی پی آئی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں صحافیوں، آزادی صحافت اور جمہوریت کا ساتھ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور نگرانی کے اس عالمی معاہدے کو مسترد کردے۔

آئی پی آئی کا کہنا ہے کہ یہ نیا عالمی معاہدہ حکام کو وسیع پیمانے پر نگرانی کے اختیارات فراہم کرےگا اور جابر حکمرانوں کی جانب سے میڈیا کو نشانہ بنانے میں مزید مدد فراہم کرے گا۔

خیال رہے کہ آئی پی آئی کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے رکن ممالک سائبر کرائم کے خلاف نئے عالمی معاہدے کے آخری نکات کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔

آئی پی آئی کے مطابق مذکورہ معاہدہ حکام کو ملکی اور غیر ملکی سطح پر وسیع نگرانی اور جاسوسی کے اختیارات دے سکتا ہے ۔

آئی پی آئی کا کہنا ہے کہ معاہدے کی ابتدائی حمایت کرنے والے ممالک کی فہرست باعث تشویش ہے کیونکہ ان میں اکثر وہ ممالک ہیں جو آزادی صحافت اور آن لائن سسنسر شپ میں بدترین ریکارڈ کے حامل ہیں۔

آئی پی آئی کے مطابق مختلف ممالک کی حکومتیں پہلے ہی صحافیوں کی آواز کو دبانے کے لیے اپنے ملکی سائبر کرائم قوانین کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔ یہ قوانین اکثر دہشت گردی، غلط معلومات اور مذہبی منافرت کے خلاف لڑائی کے بہانے نافذ کیے جاتے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.