پورٹ او پرنس، ہیٹی میں تارکین وطن کی کشتی کو آگ لگنے سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پناہ گزینوں کے عالمی ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق کشتی میں کل 81 افراد سوار تھے جن میں سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 41 افراد کو بچا لیا گیا۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ ہیٹی سے ٹرکس اور کایکوس (220 کلومیٹر دور) جزائر جانے کے دوران پیش آیا۔
حکام کے مطابق کشتی کو آگ لگنے کی اصل وجہ تو اب تک سامنے نا آسکی مگر کشتی میں سوار اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مسافر محفوظ سفر کیلئے ایک مقامی رسم کے طور پر مشعل اور موم بتیاں روشن کر رہے تھے جس دوران ڈبوں میں بھرے پیٹرول میں آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واضح رہے ہیٹی میں غربت، بیروزگاری اور لاقانونیت کے باعث ہر سال ہزاروں شہری ملک سے نکلنے کیلئے کشتیوں پر غیرقانونی سفر کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔