ٹیرانا میں اپنے سفارتخانے پر حملے کیخلاف ایران کا شدید احتجاج
پاک نیوز، ایران نے البانیہ کے دارالحکومت ٹیرانا میں اپنے سفارتخانے پر ہونے والے پولیس حملے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے دفاتر میں ایرانی مشن نے وہیں موجود البانیہ کے مشن کو ارسال کردہ اپنے خط میں البانیہ حکومت کی جانب سے ٹیرانا کے ایرانی سفارتخانے کے خلاف پرتشدد کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ اس خط میں جس کی ایک نقل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی بھیجی گئی ہے، لکھا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، 8 ستمبر 2022ء کے روز ٹیرانا میں اپنے سفارتی مقامات کے خلاف البانیہ پولیس کی پرتشدد کارروائی اور متعلقہ ایرانی حکام کی اجازت کے بغیر سفارتخانے میں البانیہ پولیس کے داخلے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اپنے خط میں ایرانی مشن نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران البانیہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ 1961ء و 1963ء کے ویانا کنونشن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سفارتی و قونصلیاتی تعلقات سے متعلق تمام قوانین پر عملدرآمد کرے جن میں سفارتی و قونصلیاتی مقامات کا غیر قابل تسخیر اور مستثنی ہونا خصوصا ان مقامات کی حفاظت اور امن و امان کی ذمہ داری شامل ہے۔ اس خط میں البانیہ حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کا مکمل جائزہ لینے کی خاطر وہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی کا آغاز بھی کرے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اپنے خط کے آخر میں لکھا کہ ایران، ٹیرانا میں اپنے سفارتخانے کیخلاف انجام پانے والے پرتشدد حکومتی اقدامات سے متعلق اختلافات کے پرامن حل کیلئے دوسرے طریقہ ہائے کار کے استعمال پر مبنی اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔