سید عمار الحکیم کی بن سلمان سے ملاقات
پاک نیوز، سعودی ذرائع ابلاغ نے جدہ میں ولی عہد محمد بن سلمان کی حکمت ملی عراق کے سربراہ سے ملاقات کی خبر دی ہے۔ سعودی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گذشتہ شب جدہ میں عراق کی سیاسی جماعت حکمت ملی کے سربراہ سید عمار الحکیم سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں سعودی ولی عہد اور حکمت ملی عراق کے سربراہ نے ریاض-بغداد کے مابین دو طرفہ مختلف موضوعات کا جائزہ لیا۔ عربی خبر رساں ادارے نے بن سلمان اور عمار الحکیم کے درمیان ہونے والی بات چیت کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات سعودی نائب وزیر دفاع "خالد بن سلمان بن عبدالعزیز”، ریاض کے قومی سلامتی کے مشیر "مساعد بن محمد العیبان” اور عراق میں سعودی سفیر "عبدالعزیز الشمری” کی موجودگی میں ہوئی، جبکہ عراق کی طرف سے حکمت ملی کے نائب سربراہ "محسن الحکیم” موجود تھے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد اور حکمت ملی عراق کے سربراہ کے درمیان ملاقات ایسے وقت میں انجام پائی، جب سید عمار الحکیم "الاطار التنسیقی” کے نام سے معروف شیعہ رابطہ فریم ورک کے رکن کی حیثیت سے گذشتہ روز علی الصبح (جمعرات، اٹھارہ اگست) سعودی عرب پہنچے۔ سعودی میڈیا نے خبر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ "ولید بن عبدالکریم الخریجی” جدہ کے "ملک عبدالعزیز ائیر پورٹ” پر "حکمت ملی عراق” کے سربراہ کا استقبال کرنے کے لئے گئے۔ اس سے پہلے عراق کے سیاسی ذرائع نے حکمت ملی عراق کے سربراہ کے حالیہ دورے کو ریاض کی جانب سے دوروں کی مسلسل دعوت کے جواب اور شیعہ جماعتوں کے ساتھ ہم آہنگی کی خبر دی ہوئی تھی۔