اسرائیلی جنگی جہازوں کا غزہ پر حملہ
اپنے بیان میں ''سرایا القدس'' کا کہنا تھا کہ ہم قابضین کو عظیم رہنماء شیخ بسام السعدی کی زندگی کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کے بارے میں خبردار کرتے ہیں، اگر جارحیت نہ رکی تو ہم پوری طاقت سے جواب دینگے۔
صیہونی لڑاکا طیاروں نے آج جمعے کی دوپہر غزہ کی پٹی پر اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی لڑاکا طیاروں نے غزہ کی پٹی پر اپنے اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی فوج نے ”جہاد اسلامی” کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ عرب نیوز ایجنسیز نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ شہر کے مرکز میں فلسطین ٹاور کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی فوج نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ ”آپریشن فجر” میں اسرائیل نے غزہ پٹی پر ”جہاد اسلامی” کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ فلسطینی میڈیکل اسٹاف نے اب تک اس حملے میں پانچ فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے، جبکہ خبر رساں ذرائع نے کم از کم 10 سے 20 افراد کے شہید ہونے کا اعلان کیا ہے۔
الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ صیہونی لڑاکا طیاروں نے غزہ پر اپنے حملوں میں تین مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جنگی جہازوں نے غزہ پر اپنے حملوں میں جہاد اسلامی کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔ "حضارات” مطالعاتی مرکز نے آج (جمعہ) رپورٹ دی ہے کہ بعض عبرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین کی مقاومتی تحریک جہاد اسلامی نے ہزاروں راکٹوں کو اسرائیل کی جانب فائر کیا ہے۔ صیہونی سکیورٹی ذرائع نے انٹیلیجنس رپورٹ کی بنیاد پر بتایا ہے کہ جہاد اسلامی گذشتہ تین دنوں سے جاری کشیدگی کے بعد نئے جنگی مرحلے میں داخل ہونے کے لئے تین ہزار سے زیادہ راکٹ فائر کرسکتی ہے۔ نامعلوم ذرائع نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ان میں کچھ قریبی اہداف اور بعض دور تک مار کرنے والے راکٹ شامل ہیں، تاکہ مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں یہودی بستیوں کو نشانہ بنا سکیں۔
اس رپورٹ کے مطابق، غزہ میں جہاد اسلامی فلسطین کے پاس 20 ہزار سے زائد میزائل موجود ہیں، جو انہوں نے زیر زمین ذخیرہ کئے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ منگل صیہونی فوجیوں نے جنین کیمپ پر حملہ کرکے ایک فلسطینی کو شہید اور جہاد اسلامی کے ایک سینیئر کمانڈر ”بسام السعدی” کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس حملے کے بعد جہاد اسلامی کے عسکری ونگ ”سرایا القدس” نے منگل کے روز اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم قابضین کو عظیم رہنماء شیخ بسام السعدی کی زندگی کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کے بارے میں خبردار کرتے ہیں، اگر جارحیت نہ رکی تو ہم پوری طاقت سے جواب دیں گے۔