روس نے یوکرین کے ایک اور اہم شہر پر قبضہ کرلیا
روسی فوج نے سیوردونیتسک پر مکمل قبضہ کرلیا ہے،یوکرین
یوکرین نے اعلان کیا کہ روسی فوج نے شدید لڑائی کے بعد اہم مشرقی شہر سیوردونیتسک پر مکمل طور پر قبضہ کر لیا ہے۔
ویڈیو خطاب میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ایک مرتبہ پھر روس کے قبضے سے تمام شہر واپس لینے کا اعادہ کیا۔
ولادیمیر زیلینسکی کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ جنگ جذباتی طور پر مشکل مرحلے میں داخل ہو گئی اور وہ نہیں جانتے کہ انھیں مزید کتنے دھچکے اور نقصانات اٹھانے ہوں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس شہر پر روس کے قبضے کا مطلب یہ ہے کہ روس اب لوہانسک خطے کو مکمل طور پر کنٹرول کرتا ہے اور اس کے ہمسایہ دونیتسک کے بڑے علاقے پر اس کا کنٹرول ہے۔
اس سے قبل جمعے کی رات روس نے یوکرین کے شمال اور مغربی علاقوں میں میزائلوں کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ اتوار کی صبح کیئو کے میئر کے مطابق شہر میں متعدد دھماکے رپورٹ ہوئے ۔