بھارت نے 2 ماہ بعد کینیڈین شہریوں کیلئے ای ویزا سروس بحال کردی

0 163

بھارتی میڈیا پر سفارتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہےکہ بھارتی حکومت نے ہردیپ سنگھ قتل کیس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں معطل کی جانے والی ای ویزا سروس کو 2 ماہ بعد بحال کردیا ہے۔

بھارت نے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر کینیڈین حکومت کے الزامات کے بعد 21 ستمبر کو کینیڈین شہریوں کے لیے ای ویزا سروس معطل کردی تھی۔

حکومت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے گزشتہ ماہ سے تمام ویزا سروسز بحال کردی ہیں جن میں سیاحت، سروسز، کاروبار اور میڈیکل ویزا شامل ہیں۔

واضح رہےکہ رواں برس جون میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم نے بھارت پر الزام عائد کیا تھاکہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت ملوث ہے جب کہ کینیڈا نے بھارتی ایجنسی کے ’را‘ کے عہدیدار کو بھی ملک بدر کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد سینئر سفارتکاروں کو بھی ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ دونوں ممالک نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.