وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں گرلزکالج میں پنک اسکوٹی تقسیم کرنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا وژن ہے ہر لڑکی کو پنک اسکوٹی ملے، تقریری مقابلوں، کھیلوں میں حصہ لینے والوں کو بھی اسکوٹی ملے گی۔
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیخلاف میرا ساتھ دیں، آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے، نوجوانوں کو استعمال کرکے پاکستان کے خلاف سازش کی جارہی ہے، بیرون ملک بیٹھے سیل آپ کا دماغ پڑھ رہے ہیں، آپ کو ریاست اور پاکستان سے دور کررہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کیلئے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، بلوچستان میں اساتذہ، نوجوانوں اور معصوم لوگوں کو خون میں نہلایا گیا، ہزارہ قوم اور دیگر لوگوں کا کیا قصور تھا جنہیں مارا گیا؟
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جب تک بلوچستان کے لوگ آگے نہیں آئیں گے حالات نہیں بدلیں گے، پشین میں میرٹ پر تقرری کی ہیں، بچے بھی والدین کو بتائیں کے رشوت کسی کو نہ دیں، آپ کے پاس موبائل کیمرہ ہے جو پیسے مانگے ویڈیو بنائیں میں الٹا لٹکا دوں گا۔