عمران خان کی زندگی کو درپیش موجودہ خطرات کو سنجیدہ لینا چاہئے: آصفہ بھٹو

0 2

رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی زندگی کو خطرات کے حوالے سے کہا ہے کہ علاج کے لئے مکمل منصفانہ اور جائز سہولتیں ملنی چاہئیں۔

رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے موجودہ سیاسی بحران کے سلسلے میں غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ عمران خان کی زندگی کو درپیش خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے، کوئی بھی شخص جو یہ کہتا ہے کہ اس کی زندگی کو خطرہ ہے تو ہمیں اس کے تحفظ کے لئے ضروری چیزوں کا سنجیدگی سے اہتمام کرنا چاہئے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے ایک سوال کے جواب میں کہا بلاشبہ عمران خان جیل میں ہیں لیکن ان کے لئے قانون اور عدالت کے تمام راستے کھلے ہیں، وہ عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں اور عدالتوں کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ان کا خاندان بھی اگرچہ بار بار اقتدار میں آیا ہے، اس کے باوجود خاندان کے کئی افراد کو سیاسی وجوہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے حتیٰ کہ جیلیں اور پھانسی بھی برداشت کرنا پڑی، اس لیے وہ اس معاملے کی سنگینی کو زیادہ شدت سے محسوس کر سکتی ہیں۔

آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میرے نانا کو جس طرح ایک آمر نے ایک ایسے جرم میں پھانسی کی سزا دی جو انہوں نے کیا ہی نہیں تھا، ان کا کہنا تھا میری والدہ بے نظیر بھٹو کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا لیکن انہیں اپوزیشن کی طرف سے بہت سے مسائل کا سامنا رہا حتیٰ کہ جلا وطنی برداشت کرنا پڑی، ان کی اپوزیشن نے ان کی کردار کشی کی اور بالآخر 2007ء میں انہیں قتل کر دیا گیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ان کے خاندان کی قربانیوں، خدمات اور جدوجہد سے سب آگاہ ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.