بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سیاست سے اچانک ریٹائرمنٹ لینے کے اعلان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے۔ ایک ٹویٹ میں اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ مودی نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
دعویٰ:
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹائمز ناؤ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے 16 ستمبر 2025 کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
تحقیق:
فیکٹ چیک کی ٹیم نے اس دعوے کی جانچ کی تو اس اطلاع کے حوالے سے کوئی بھی معتبر خبر یا بیان دستیاب نہیں ہوا۔ ٹائمز ناؤ کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسا کوئی اعلان یا رپورٹ موجود نہیں ہے۔ وزیراعظم مودی اور پی ایم او انڈیا کے سرکاری اکاؤنٹس پر بھی ایسا کوئی بیان نہیں ملا۔
پس منظر:
یہ افواہ شو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راؤت کے ایک بیان کے بعد پھیلی، جس میں انہوں نے 31 مارچ کو الزام لگایا تھا کہ آر ایس ایس چاہتا ہے کہ مودی ستمبر تک ریٹائر ہوجائیں۔ تاہم، بی جے پی اور آر ایس ایس نے اسے بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے واضح کیا کہ مودی 2029 تک وزیراعظم رہیں گے۔
ٹائمز ناؤ کا ردعمل:
ٹائمز ناؤ کی گروپ ایڈیٹر اِن چیف انوشکا کمار نے اس وائرل تصویر کی تردید کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ہمارا بنایا ہوا کوئی مواد نہیں ہے۔ یہ جعلی خبر پھیلانے کی کوشش ہے اور ہم نے اسے ایکس (ٹوئٹر) پر رپورٹ کر دیا ہے۔‘‘
نتیجہ:
یہ دعویٰ بالکل جعلی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔