کوئٹہ سول اسپتال کے 2017-22 کے آڈٹ میں دو ارب سے زائد کی بے قاعدگیوں کا انکشاف

0 5

کوئٹہ کے سول اسپتال کی 2017سے 2022کے دورانیے کی خصوصی آڈٹ رپورٹ سامنے آگئی جس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈیٹر جنرل پاکستان کی جانب سے جاری خصوصی آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس دوران ادویات کی خریداری میں ایک ارب 85 کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں ہوئیں جبکہ پانچ برسوں میں اسپتال کے مین اسٹور سے 2کروڑ 28لاکھ کی ادویات غائب ہوئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دل کے مرض کیلئے اسٹنٹ کی تین کروڑ 17لاکھ کی مشکوک خریداری سامنے آئی، لوکل پرچیز میں چار کروڑ روپے اور آکسیجن پلانٹ کے ٹینڈرز میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی بے قاعدگیاں رپورٹ ہوئیں۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق سول اسپتال کو آکسیجن سلنڈر کی غیر ضروری کھپت سے چھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا، وردی، فرنیچر اور مشینری کی خریداری میں 6کروڑ 18لاکھ کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔

بلوچستان اسمبلی نے 2017سے 2022کے دوران پانچ سال کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سپرد کردی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.