جنگ بندی معاہدہ: حماس 34 اسرائیلی یرغمالی رہا کرنے کو تیار ہے، خبر ایجنسی کا دعویٰ

0 11

غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس نے ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے تحت 34 یرغمالیوں کی رہائی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کےلیے دوحہ میں بات چیت کا عمل دوبارہ شروع ہوچکا ہے جہاں قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں معاہدےپر پہنچنے کی کوششیں کئی ماہ سےجاری ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حماس کے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل نےقیدیوں کےتبادلے کے معاہدےسے متعلق جو فہرست دی ہے ان میں سے 34 یرغمالیوں کی رہائی کےلیےحماس تیار ہے۔

حماس رہنما نے کہا کہ ابتدائی تبادلےمیں تمام خواتین، بچے، عمر رسیدہ اور بیمار افراد شامل ہوسکتے ہیں جو غزہ میں یرغمال ہیں جب کہ ہوسکتاہے کچھ یرغمالی ہلاک ہوگئے ہوں مگر ان کی حالت کا تعین کرنے کےلیےحماس کو وقت درکار ہے۔

حماس رہنما نے مزید کہا کہ غزہ میں موجود حماس جنگجوؤں سے رابطے اور زندہ و ہلاک یرغمالیوں کی شناخت کےلیے کم از کم ایک ہفتے کا امن ضروری ہوگا۔

خبررساں ایجنسی کےمطابق فریقین کے نمائندہ وفود کےدرمیان دوحہ میں ہفتے کے اختتام تک بات چیت دوبارہ شروع ہونی تھی تاہم حماس رہنما کے بیان کے سوا اس کی مزید کوئی تفصیل اب تک سامنے نہ آسکی جب کہ فرانس کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین پر معاہدے پر پہنچنے کےلیےضروری دباو ڈالا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں 251 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا لیکن کچھ عرصے کے بعد پھر ایک عارضی معاہدے کے تحت 80 اسرائیلی یرغمالی اور 240 فلسطینی اسرائیلی جیلوں سے رہا ہوسکے تھے مگر اس کے باوجود غزہ میں اب بھی 96 یرغمالی حماس کے قبضے میں ہیں جب کہ اسرائیلی فوج کے مطابق 34 یرغمالی ہلاک ہوچکےہیں۔

دوسری جانب معاہدے پر پہنچنے کی کوششوں کے باوجود غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور صرف گزشتہ 3دنوں میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 100 کے قریب فلسطینی شہید ہوئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر2023 کے بعد غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 45 ہزار 805 فلسطینی شہید اور 98 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.