صائم ایوب کو علاج کیلئے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ

0 5

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونے والے نوجوان بیٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محسن نقوی نے صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا، محسن نقوی نے خود بھی صائم ایوب سے رابطہ کیا اور کرکٹر کی خیریت دریافت کی، ساتھ ہی ان کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کااظہار بھی کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ لندن کے اسپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے جبکہ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج معالجے کے سارے کیس کو دیکھ رہے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں، صائم اسٹائلش زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، انہیں پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹاؤن سے لندن بھجوایا جائے گا، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ لندن جائیں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا صائم ایوب کی انجری پر بہت تشویش ہے، ان کا دنیا کے بہترین اسپتال میں چیک اپ اور علاج کروایا جائے گا اور علاج معالجے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، امید ہے کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔

صدرِ مملکت کا زخمی کرکٹر صائم ایوب کو ٹیلیفون:

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے صائم ایوب سے جنوبی افریقا میں ٹیلی فون پر بات کی اور صائم ایوب کو لگنے والی چوٹ کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ صدر آصف علی زرداری نے صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ پرفارمنس کو بھی سراہا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.