روس اور وسطی ایشیائی ممالک پاکستانی بندرگاہوں سے تجارت چاہتے ہیں: قیصر احمد شیخ

0 7

وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ روس اور وسطی ایشیائی ممالک پاکستانی بندرگاہوں سے تجارت چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کراچی پورٹ گہرا سمندر ہے جہاں بیس سے بائیس ہزار کنٹینرز پر مشتمل بڑے جہاز لنگر انداز ہوسکتے ہیں، دنیا کی بڑی شپنگ کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، وسطی ایشیائی ممالک نے پچھلے دس سال میں بہت زیادہ ترقی کی ہے، ان کے پاس پورٹس نہیں،پاکستان کے راستے وہ اپنا مال بیچ سکتے ہیں۔

وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزارت بحری امور کے اداروں نے گزشتہ سال 90 ارب روپے کا منافع کمایا، پچھلے سال کی نسبت منافع میں پچیس فیصد اضافہ ہوا ہے اور آئندہ مالی سال مزید اضافہ ہوگا۔

قیصر احمد شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمندری تجارت کے حوالے سے گیٹ وے بن چکا ہے،کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر ملک کی 95فیصد تجارت ہوتی ہے، دنیا میں پہلے تین، چار ہزار کنٹینرز کے جہاز ہوتے تھے اب بیس سے بائیس ہزار کنٹینرز پر مشتمل جہاز ہیں، زیادہ کنٹینرز سے جہازوں پر فریٹ ریٹ کم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پورٹس کو مزید گہرا کر رہے ہیں، پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، بڑے بڑے ادارے پاکستانی پورٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں، وسطی ایشیائی ممالک کا سستا مال یہاں سے جاسکتا ہے، وزارت بحری امور بہت تندہی سے کام کررہی ہے، اداروں میں کام کی کافی گنجائش ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.