امارات میں سال 2025 کا استقبال، برج خلیفہ پر لیزر شو ہوگا

0 16

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نئے سال 2025 کی تقریبات اور آتش بازی کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، دبئی میں دنیا کی سب بلند عمارت برج خلیفہ پر فائر ورکس اور لیزر شو کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئے سال 2025 کے استقبال کی تیاریاں ابوظبی اور راس الخیمہ میں بھی جاری ہیں۔ دبئی میں عوام کو ٹریفک سے بچنے کیلیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دبئی میں حکام کی جانب سے شہریوں سے تعاون اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق دبئی میں فیسٹول سٹی، جمیرا، پام جمیرا اور اٹلانٹس پر آتش بازی ہوگی۔ اس کے علاوہ ابوظبی میں جاری شیخ زاید فیسٹیول میں 53 منٹ کی شاندار آتش بازی کی جائے گی، آتشبازی کے ساتھ 3 گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے جائیں گے۔

راس الخیمہ میں خصوصی ٹرانسپورٹ انتظامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں نئے سال کی تقریبات کیلیے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، راس الخیمہ میں آتشبازی اور لیزر شو کے ذریعے عالمی ریکارڈ بنانے کی تیاری جاری ہیں۔

دوسری جانب دبئی میں نئے سال کی آمد کی خوشی میں محنت کشوں کے لئے بڑے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک جفاکش محنت کشوں نے تعمیر کیا ہے۔ محنت کش ہمارے پارٹنرز ہیں، مل کر نئے سال کی خوشیاں منائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے سال پر سونے کے زیورات محنت کشوں کے خاندانوں کیلئے بطور تحفہ دیئے جائیں گے، جبکہ دو دن محنت کشوں کیلئے ہائی اسپیڈ فری انٹرنیٹ دستیاب ہوگا۔

حکام نے اعلان کیا کہ محنت کشوں کو 30 فری ٹکٹس بھی دیئے جائیں گے اس کے علاوہ محنت کشوں کو 2 نئی گاڑیاں بھی بطور تحفہ دی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پانچ لاکھ درہم کے مختلف پرائز بھی محنت کشوں میں تقسیم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ محنت کشوں کیلئے القوز، محسنہ، جبل عل میں نیو ایئر کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔ محنت کش ان تقریبات میں شریک ہوں اور انعامات جیتیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.