رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد کا مقصد بانی کی رہائی ہے، بانی کے بغیر تحریک انصاف نہ ہونے کے برابر ہے۔
رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’بات نکلے گی‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی ہمارا مسئلہ نہیں ہے، آئینی ترمیم پر حکومتی مسودہ پرعمل کیا جاتا تو تباہی آجاتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو آئینی عدالت کے قیام سے روکا، ہم نہ ہوتے تو حکومت تمام 56 ترامیم منظورکروا لیتی، تحریک انصاف اور جے یو آئی کے درمیان اختلافات کا پہاڑحائل تھا، اپوزیشن میں آنے کے بعد ہم نے سیز فائرکا فیصلہ کیا۔
عبدالغفورحیدری نے کہا کہ تحریک انصاف شکر کرے ہم ان کے خلاف بات نہیں کرتے، مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا عمران خان کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہئے، جنرل باجوہ نے ہمیں تحریک انصاف حکومت کے خلاف دھرنا دینے سے روکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے بعد حکومت میں جانے کا فیصلہ غلط تھا، باجوہ سے کہا بانی پی ٹی آئی میں حکومت کرنے کی صلاحیت نہیں، جنرل باجوہ نے کہا تحریک انصاف کی حکومت ہے اس لئے ان کے ساتھ ہوں، تحریک انصاف کی حکومت جانے کے بعد جنرل باجوہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے۔
عبدالغفورحیدری نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا محور کسی منصب کوحاصل کرنا نہیں ہے۔