جنوبی افریقا میں کامیابیوں کیلئے پرعزم ہیں، شان مسعود

0 4

پاکستان کی ٹیسٹ کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ خرم شہزاد اور محمد عباس کی ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے اور ہم جنوبی افریقا میں بڑی کامیابیوں کے لیے پرعزم ہیں۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق شان مسعود نے دورہ جنوبی افریقا کے حوالے سے بات کرتے ہوئےکہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف خود کو جانچنے کے لیے بے تابی سے منتظر ہیں جو ہمیشہ سے دنیا کی سر فہرست ٹیموں میں سے ایک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز اور حالیہ ون ڈے سیریز سے کچھ مومینٹم ملا ہے جس میں ہمارے ٹیسٹ اسکواڈ کے متعدد کھلاڑی شامل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جنوبی افریقا میں بڑی کامیابیوں کے لیے پرعزم ہیں جو حریف ٹیموں کے لیے چند انتہائی سخت کنڈیشنز میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہم نے کم از کم دو ہفتے قبل یہاں پہنچنے کے بعد اس سیریز کے لیے بہترین انداز میں تیاری کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کےدرمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعرات سے سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ آئندہ سال 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کو جنوبی افریقا کے اس دورے میں ٹی 20 سیریز میں 0-2 سے شکست ہوئی تھی لیکن تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کی سر زمین پر 0-3 کا تاریخی وائٹ واش کیا۔

ایک روزہ سیریز میں بہترین کارکردگی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی یہ سیریز بھی دلچسپ ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے شان مسعود کی قیادت میں پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ 13 دسمبر کو جنوبی افریقا پہنچا تھا تاکہ سیریز کے لیے مکمل تیاری کی جائے۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے، جنہوں نے آخری بار پاکستان کے لیے اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کھیلا تھا تاہم قائد اعظم ٹرافی کے 5 میچوں میں 31 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔

اسی طرح انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.