نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قتل، جنسی زیادتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کے لیے سزائے موت کے نفاذ کا اشارہ دے دیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ محکمہ انصاف کو ہدایت دیں گے کہ امریکی شہریوں کو قاتلوں، جنسی زیادتی کے مجرموں اور دیگر سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے والوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ان مجرمان کے لیے سزائے موت کی سختی سےپیروی کی۔
ٹرمپ کا یہ بیان موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے 37 قیدیوں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
گزشتہ روز صدر بائیڈن نے سزائے موت کے 40 قیدیوں میں سے 37 کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ جوبائیڈن نے 37 بدترین مجرمان کی سزا میں کمی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان قیدیوں کے جرائم سن کر یقین نہیں آتا کہ جوبائیڈن نے ایسا کیوں کیا، اس طرح متاثرین کے رشتہ داروں کو مزید صدمہ پہنچے گا۔