یورپی سرمایہ کاری بینک کی جانب سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے لیے پانی اور توانائی کے منصوبوں میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی جس کے تحت یورپی سرمایہ کاری بینک نے واٹر کارپوریشن میں دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی طرح مالی تعاون فراہم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔
اطلاعات کے مطابق یورپی سرمایہ کاری بینک کا ایک اعلیٰ سطحی جائزہ مشن فروری 2025 میں واٹر کارپوریشن کا دورہ کرے گا اس دورے کا مقصد سرمایہ کاری کے منصوبے کا جائزہ لینا اور عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر بینک کی شراکت سے سرمایہ کاری کے حجم کا تعین کرنا ہے یہ مشن پپری گھارو اور حب میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس کی تعمیر کے امکانات کا جائزہ لے گا۔
اس کے علاوہ مشن نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور توانائی کے ضیاع کو کم کرنے کے حوالے سے اپنی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے توقع ہے کہ واٹر کارپوریشن کو پانی کے ضیاع کو کم کرنے اور فیلڈ اسٹاف کی تربیت کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
واٹر کارپوریشن نے یورپی سرمایہ کاری بینک کو 100 ملین امریکی ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبے کی تجویز پیش کی ہے اس منصوبے کے تحت تمام ضروری انتظامات اور بات چیت صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ مکمل جانچ پڑتال کے بعد کی جائے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یورپی سرمایہ کاری بینک دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک 94 ارب یورو سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکا ہے لیکن پاکستان کی کسی بھی واٹر یوٹیلیٹی کے لیے یہ پہلا موقع ہوگا اس سرمایہ کاری سے واٹر کارپوریشن کے توانائی کے منصوبوں میں کافی بہتری آئے گی واٹر کارپوریشن اپنی توانائی کی ضروریات پورا کر سکے گا۔
واضح رہے کہ واٹر کارپوریشن موجودہ وقت انتظامی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل سے گزر رہا ہے جس کی بدولت بین الاقوامی مالیاتی ادارے واٹر یوٹیلیٹی کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری میں دلچسپی لے رہے ہیں اس لیے یہ شراکت داری کراچی کے شہریوں کے لیے ماحولیاتی تحفظ صحت اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔