پاکستان کو 5 ماہ کے دوران ساڑھے تین ارب ڈالرز کی بیرونی فنڈنگ موصول

0 3

اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا نومبر 3 ارب 57 کروڑ ڈالرز کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن نے 5 ماہ میں بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی تفصیلات جاری کردیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی فنڈنگ میں آئی ایم ایف قرض پروگرام کی 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط شامل ہے، گزشتہ سال کے مقابلے بیرونی فنڈز میں 43 فیصد کمی ہوئی تاہم آئندہ مہینوں میں تیزی متوقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال 24 ارب ڈالرز کی مجموعی بیرونی مالی معاونت ملنے کا تخمینہ ہے، چین، سعودی عرب اور یو اے ای کا 12 ارب ڈالرز کا مجموعی قرضہ رول اوور ہونے کا امکان ہے۔

سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالرز کی ادھار تیل کی سہولت بھی ملنے کا امکان ہے، ابتدائی 5 ماہ میں آئی ایم ایف کے سوا دیگر اداروں اور ممالک سے 2.57 ارب ڈالرز ملے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 76 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز فراہم کیے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی، عالمی بینک نے 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کا رعایتی قرضہ دیا،

اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ چین نے 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز جبکہ فرانس نے 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز فنڈز دیے۔

رپورٹ کے مطابق پانچ ماہ میں امریکا نے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی فنڈنگ فراہم کی، پانچ ماہ کے دوران 20 کروڑ ڈالرز کا چینی قرضہ رول اوور کیا گیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.