شامی رہنما احمد الشرع کی گرفتاری پر 10 ملین ڈالر کا انعام ختم

0 12

شام کے باغی رہنما احمد الشرع الجولانی کی گرفتاری پر 10 ملین ڈالر کا انعام ختم کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو شامی رہنما احمد الشرع کی گرفتاری پر مقررہ دس ملین ڈالر کا انعام ختم کر دیا گیا ہے، شام کے نئے رہنما احمد الشرع جو ابو محمد الجولانی کے نام سے جانے جاتے ہیں، واشنگٹن نے ان کی گرفتاری پر مقرر انعام ختم کر دیا ہے۔

سر پر انعام ختم کیے جانے کا ایک سبب احمد الشرع کے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے وعدے ہیں، گزشتہ روز مشرق وسطیٰ کے لیے سینئر امریکی سفارت کار باربرا لیف سمیت تین رکنی وفد نے دمشق میں حیات تحریر الشام کے سربراہ احمد الشرع سے ملاقات کی تھی۔

باربرا لیف نے الشرع کو بتایا کہ امریکا شام میں ایک ایسی حکومت دیکھنے کا خواہش مند ہے جو شام کے عوام کی ہو اور وہ شام کی تمام نسلی اور مذہبی برادریوں اور خواتین کے حقوق کا احترام کرتی ہو۔

حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) گروپ کی قیادت میں اس ماہ کے شروع میں بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد، امریکی سفارت کاروں کا شام کا یہ پہلا دورہ تھا۔ امریکا نے 2018 میں ایچ ٹی ایس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، احمد الشرع اس گروپ کے رہنما ہیں اور کبھی القاعدہ کے ساتھ منسلک تھے۔

لیف نے کہا کہ امریکا نے جمعہ کی بات چیت کے دوران ’مثبت پیغامات‘ موصول ہونے کے بعد الشرع کے سر پر انعام ختم کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں اس بات کو یقینی بنانے کا وعدہ بھی شامل ہے کہ ’دہشت گرد‘ گروہ خطرہ نہیں بنیں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.