وفاقی وزیر بحری امور سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال

0 14

وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ سے ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوگلو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت اور بحری امور میں تعاون کے فروغ کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ترکیہ کی تھرڈ سیکرٹری برائے پاکستان صالحہ نور پیکدمیر اور سیکرٹری برائے بحری امور سید ظفر علی شاہ بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا اور مؤثر ٹرانسپورٹ حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سفیر نذیراوگلو نے بتایا کہ ترکیہ اور پاکستان کے مابین موجودہ تجارتی حجم ایک ارب ڈالر سے کم ہے جو کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ 5 ارب ڈالر کے ہدف سے بہت کم ہے، انہوں نے ٹرانسپورٹ کے مسائل خاص طور پر ایران کے بارڈر سے متعلق رکاوٹوں کو اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے بحری ٹرانسپورٹ کو سب سے مؤثر حل کے طور پر تجویز کیا۔

وفاقی وزیر نے ترک سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان ان مسائل کے حل میں مکمل تعاون فراہم کرے گا، انہوں نے بحری نقل و حمل کی حکمت عملی کے تحت تجارت کے حجم کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بحری شعبے میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

اس دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم کے صنعتی زون کا خصوصی ذکر کیا گیا، جہاں 400 صنعتی یونٹس موجود ہیں اور انہیں 800 یونٹس تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ سے کیمیکل درآمد کر رہا ہے اور اس شعبے میں وسیع تر تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے جدید شپ یارڈز کے حصول کی منصوبہ بندی کا ذکر کیا اور ترکیہ کو اس حوالے سے ایک مضبوط امیدوار قرار دیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.