ملائیشیا، طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال، ہزاروں افراد بے گھر

0 3

ملائیشیاء میں طوفانی بارشوں کے باعث 6 ریاستوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے، جس کے سبب ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ متاثرہ 6 ریاستوں میں سیلابی صورتِ حال سے 37 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ شدید بارشوں سے ریاست کلانتان سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جہاں 30 ہزار 582 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں سیلابی صورتِ حال کے سبب بے گھر ہونے والے متاثرین کے لیے 322 عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔دوسری جانب جنوبی کوریا میں نظام زندگی منجمد ہو گیا ہے، ماہِ نومبر کے دوران برف باری کا سو سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

دارالحکومت سیؤل ونٹر لینڈ میں تبدیل ہو گیا، اور مشرقی ہائی ویز پر ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک، جب کہ عمارتوں اور تعمیراتی سائٹس سے گرنے والے ملبے سے 10 راہ گیر زخمی ہو گئے۔

رن وے برف میں چھپ گیا، دو سو زائد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں، ٹرین کا پہیہ بھی جام ہو گیا، 90 فیری سروسز معطل ہو گئیں، اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید برف باری کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، اب تک 6.5 انچ تک برف پڑ چکی ہے، سیؤل میں 1972 کے بعد یہ سب سے زیادہ برف باری ہے، 4.9 انچ برف پڑی تھی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.