سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میٹرو پروجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران سعودی عرب کے شاہ سلمان کو منصوبے کی تفصیلات پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں اس منصوبے کی اہمیت اور تکمیل کے مراحل کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق کل چھ ٹریکس پر مشتمل میٹرو پروجیکٹ کے تین ٹریکس یکم دسمبر سے عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے، جن کی مجموعی لمبائی176کلومیٹر ہے۔
ریاض میٹرو پروجیکٹ کے اسٹیشنز کی کل تعداد85ہے، جن میں سے4مرکزی اسٹیشنز ہیں، تقریب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی سے یہ منصوبہ حقیقت میں تبدیل ہوا ہے اور یہ سروس اہل ریاض اور زائرین کے لیے ایک مثالی سہولت فراہم کرے گی۔
سعودی عرب میں ریاض میٹرو پروجیکٹ میں دسمبر کے وسط تک مزید تین ٹریکس فعال کر دیے جائیں گے۔ اس میں شاہ عبداللہ روڈ سے شاہ عبدالعزیز سٹی تک کے مسافروں کو سہولت دی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں العروبہ سے البطحا اور کنگ خالد ایئرپورٹ سے رنگ روڈ عبدالرحمان بن عوف اور شیخ حسن بن حسین تک ہو گا جو مکمل گنجائش کے ساتھ شروع ہو گی۔
میٹرو پروجیکٹ کا دوسرا مرحلہ جس کا آغاز دسمبر کے وسط میں ہوگا، یہ روٹ شاہ عبداللہ روڈ سے شاہ عبدالعزیز سٹی تک مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔