اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سیز فائر معاہدہ ہوگیا

0 6

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے، سیز فائر کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا با قاعدہ اعلان امریکی صدر جوبائیڈن نے کیا۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ جنگ بندی کے معاہدے پر رضامند ہوگئے ہیں، مذکورہ سیز فائر معاہدے کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔

جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات :
رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے امریکی تجویز کردہ 60 دن کی جنگ بندی پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد ایک سال سے زائد عرصے سے جاری دشمنی کا خاتمہ کرنا ہے۔

جنگ بندی کا اطلاق بدھ کو علی الصبح سے ہوا۔ مذکورہ معاہدے کا متن ابھی شائع نہیں کیا گیا اور رائٹرز نے بھی ابھی اس کا مسودہ نہیں دیکھا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے اس معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دشمنی کے مستقل خاتمے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے اسے منظور کرلیا ہے اور اسے کل منظوری کیلئے کابینہ اراکین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب لبنان کے وزیرِاعظم نجیب میقاتی نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، جسے حزب اللہ نے گزشتہ ہفتے منظور کرلیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدہ امریکی ثالث ایموس ہوچسٹین کی کوششوں کا نتیجہ ہے، لبنانی سیاسی ذرائع کے مطابق یہ پانچ صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں 13 نکات شامل ہیں۔

معاہدے کے اہم نکات کا خلاصہ :
امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔لبنان میں جنگ بندی کا نفاذ پاکستانی وقت کے مطابق بروز بدھ صبح 7 بجے سے ہوگا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللّٰہ نے جنگ بندی کی تجویز مان لی ہے۔صدر بائیڈن نے کہا کہ معاہدے کو دشمنی کے مستقل خاتمے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

لبنانی ذرائع کے مطابق اسرائیل کسی بھی زمینی، سمندری یا فضائی حملے سے باز رہے گا، چاہے وہ شہری یا فوجی اہداف ہوں یا لبنانی ریاستی ادارے کسی پر کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا۔تمام لبنانی مسلح گروہ، بشمول حزب اللہ اور اس کی اتحادی جماعتیں اسرائیل کے خلاف حملے بند کریں گے۔

دو اسرائیلی حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج 60 دن کے اندر جنوبی لبنان سے نکل جائے گی جبکہ لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج پہلے ماہ کے اندر انخلا مکمل کر سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے جنگجو جنوبی لبنان سے نکل کر لیتانی دریا کے شمال میں چلے جائیں گے۔ لبنانی فوج 5,000 اہلکاروں کے ساتھ جنوب میں تعینات ہو گی، جس میں سرحدی علاقوں میں 33چوکیاں بھی شامل ہوں گی۔ لبنان میں بے گھر ہونے والے 12 لاکھ سے زائد افراد کی واپسی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.