تاجروں نے کے پی میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کر دیا

0 3

اسلام آباد اور پنڈی میں کاروبار کی بندش پر تاجر پھٹ پڑے اور انہوں نے امن وامان کی بحالی کے لیے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج اور حکومتی رکاوٹوں کی وجہ سے جڑواں شہروں اسلام آباد اور پنڈی میں کاروبار زندگی معطل ہے، جس پر تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے حکومت سے امن وامان کی بحالی کے لیے صوبہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے کنٹرول سمیت جو بھی اقدام کرے گی، تاجر برادری اس کی حمایت کرے گی۔

سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل کا کہنا ہے کہ روازنہ کی بندش سے ملک بھر میں کاروبار کا اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت امن وامان کی بحالی کے لیے کے پی میں گورنر راج لگائے۔

سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ وفاقی حکومت امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے جو بھی اقدام کرے، ایف پی سی سی آئی اس کی حمایت کرے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ امن وامان کی صورتحال خراب ہونے سے کارخانے بند پڑے ہیں جب کہ تاجروں کا کہنا ہے کہ آخر کب تک ایسے احتجاج جاری رہیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد، پنڈی میں حکومتی رکاوٹوں کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی، تجارتی سرگرمیاں، آمدورفت، بچوں کی تعلیم سب کچھ معطل ہو چکا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.