انگلینڈ نیوزی لینڈ سیریز کو کرو-تھارپ ٹرافی کانام دیدیا گیا، ٹرافی کی تیاری میں خاص کیا ہے؟
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز کو کرو-تھارپ ٹرافی کا نام دے دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 28 نومبر سے کرائسٹ چرچ میں ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 6 دسمبر اور تیسرا ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہوگا۔
سیریز کی ٹرافی کو انگلینڈ کے گراہم تھارپ اور نیوزی لینڈ کے مارٹن کرو کے نام سے منسوب کیا گیا، اس ٹرافی کو دونوں آنجہانی کرکٹرز کے بیٹ کی لکڑی سے بنایا گیا ہے۔ٹرافی میں تھارپ کے نیوزی لینڈ کے خلاف اور مارٹن کرو کے انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے والے بیٹ استعمال ہوئے ہیں جب کہ دونوں کھلاڑیوں کی فیملی نے ٹرافی بنانے کیلئے بیٹ کا عطیہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں کھلاڑی اپنے عہد کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوا کرتے تھے، گراہم تھارپ اس سال اور مارٹن کرو 2016 میں انتقال کرگئے تھے۔