’ملک وقوم کا نقصان ہورہا ہے، سیاستدان ہوش کے ناخن لیں‘،دھرنوں کیخلاف علما بھی میدان میں آگئے

0 3

مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والےعلما کا کہنا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے ملک وقوم کا نقصان ہو رہا ہے، سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے۔

کل مسالک علما بورڈ کا اجلاس چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی صدارت میں لاہور میں ہوا، اجلاس میں علامہ محسن گولڑوی، قاری خالد محمود، آغا صغیر عباس ورک اور علامہ محمد بدر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

علما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اگر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو موجودہ حکومت کے ساتھ بیٹھنے میں بھی کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں لاشیں پڑی ہیں اور یہ اپنی سیاست بچانے کی فکر میں ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا پشاور سے نکلنے والا قافلہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں غازی بروتھا پہنچ گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد کے راستے بند کر دیے ہیں اور دارالحکومت کو جانے والے زيادہ تر راستوں پر کنٹیرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں سے اب تک 490 کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 100 لاپتہ ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.