حزب اللہ نے اہم پہاڑی محاذ سے اسرائیلی ٹینکوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا، 6 تباہ

0 3

لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے البیضا کے اہم پہاڑی محاذ سے اسرائیلی ٹینکوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا، حملے میں 6 ٹینک تباہ کر دیے۔

الجزیرہ کے مطابق حزب اللہ نے ٹینک شکن میزائلوں کی بوچھاڑ سے نشانہ بنا کر اسرائیل کے ٹینکوں اور فوجیوں کو جنوبی لبنان کے البیضا علاقے میں ایک اسٹریٹجک پہاڑی کی چوٹی کی پوزیشن سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں بتایا کہ اس نے لبنان کے جنوب میں اپنے حملے میں 6 اسرائیلی مرکاوا ٹینک تباہ کر دیے، جن میں سے 5 اسٹریٹجک ساحلی علاقے البیضا میں نشانہ بنائے گئے، جہاں سے بعد ازاں اسرائیلی فوجی اہم پہاڑی مقام سے بھاگ گئے۔

دوسری طرف اسرائیل نے حزب اللہ کے فوجی ہیڈکوارٹرز پر متعدد حملوں کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے گزشتہ شام بیروت کے علاقے دحیہ میں ’’12 فوجی ہیڈکوارٹرز‘‘ پر حملہ کیا، X پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اہداف میں حزب اللہ کا انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر اور اس کا ساحلی میزائل یونٹ بھی شامل ہے۔

لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ جنگ میں عدم شرکت کے باوجود جنوب مغرب میں واقع قصبے العمیریہ میں ایک اڈے پر اسرائیلی حملے میں اس کا ایک فوجی جاں بحق اور 18 دیگر زخمی ہو گئے۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں 40 سے زیادہ لبنانی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی حملوں کے جواب میں حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل کے اندر راکٹ فائر کیے جا رہے ہیں، وسطی اسرائیل میں اس وقت ایک بہت بڑا دھماکا سنا گیا جب حزب اللہ نے 340 ڈرون اور راکٹ لانچ کیے، حزب اللہ نے بیان میں کہا کہ ’’بیروت کے قلب میں ایک دھچکا تل ابیب میں ایک دھچکے کے برابر ہے۔‘‘

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.