عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

0 4

عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔

عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں۔عدالت نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد ضیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالت کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کے جنگی جرائم کرنے پر یقین کرنے کے لیے مناسب بنیادیں موجود ہیں، نیتن یاہو اور گیلنٹ نے شہری آبادی پر حملوں میں احتیاط نہیں کی، بھوک کو جنگی ہتھیار بنایا، جنگی جرائم میں قتل، ایذا رسانی اور دیگر غیر انسانی سلوک شامل ہیں، یہ وارنٹ گرفتاری غزہ کے متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے مفاد میں ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا بتانا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے بیہودہ اور غلط اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، اسرائیل اپنے شہریوں کے دفاع میں کوئی دباؤ قبول نہیں کرے گا۔

عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے رواں سال مئی میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر کے جنگی جرائم کےارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 17 ہزار سے زائد بچے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.