وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئیڈیاز نمائش دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاو ن ثابت ہوگی۔
کراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2024 کا آغاز ہوگیا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا باضابطہ افتتاح کیا، مقامی طور پر تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی، نمائش میں دنیا بھر سے 550 سے زائد نمائش کنندگان سٹالز لگائیں گے۔
یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار ایک بڑا علاقائی ایونٹ ہے، آئیڈیاز عالمی دفاعی صنعت کو ہم آہنگ کرنے اور کاروبار میں تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سال 2000 سے ہر دو سال بعد اس ایونٹ کا انعقاد ہوتا ہے۔
آئیڈیاز دفاعی تعاون کے میدان میں تعاون اور علم کے تبادلے کا ذریعہ ہے، دفاعی صنعت کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے آئیڈیاز اس شعبے سے وابستہ ماہرین اور اعلیٰ سطح کے پالیسی سازوں میں ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔
آئیڈیاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تمام وفاقی وزراء، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک،پرائیویٹ سیکٹر دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی، آئیڈیاز نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون اور علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی، آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی مصنوعات بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، اس ڈومین میں مزید سبقت کے لیے پرائیویٹ ڈیفنس انڈسٹری کے انضمام اور دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں آر اینڈ ڈی تنظیموں کی شمولیت کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ، نہ صرف دوطرفہ مسائل کے حل بلکہ خطے میں امن اور ہم آہنگی کو موقع فراہم کرنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔