پی ٹی آئی ایک فتنہ پارٹی، قیادت کی چوریاں منظر عام پر آرہی ہیں: سائرہ افضل تارڑ

0 3

سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انتشار سے ہر کوئی واقف ہے، پی ٹی آئی قیادت کی چوریاں منظرعام پر آ رہی ہیں، حکومت ملکی سالمیت، خوشحالی اور امن کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ضلعی سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کرائے پر لی گئی اور اس پر بعد ازاں قبضہ کر لیا گیا، اس بلڈنگ کی ملکیت کے حوالے سے دستاویز پر موجود دستخط بھی جعلی ہیں، اس میں ایک گواہ محمد انور رحمانی ہیں جنہوں نے اپنے دستخط کے حوالے سے بیان حلفی دیا ہے کہ ان کے دستخط جعلی ہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عرصہ دراز سے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے قبضہ میں بلڈنگ کو جب واگزار کروایا گیا تو واویلا مچ گیا لیکن اس کی حقیقت یہ ہے کہ واگزار کروا کر بلڈنگ اصل مالکان کے حوالے کر کے ان کی داد رسی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی پی ٹی آئی قیادت کے بااثر افراد سرکاری زمین پر عرصہ دراز سے غیر قانوی طور پراپنی فصلیں کاشت کرتے رہے ہیں، اب جب سرکاری زمین واگزار کروائی جا رہی ہے تو ہمارے سیاسی حریف سوشل میڈیا پر آکر اپنی بے گناہی کے ثبوت رو رو کر پیش کر رہے ہیں جو سراسر جھوٹ ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک فتنہ پارٹی ہے، پاکستان کی سالمیت خوشحالی اور امن کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس جماعت نے جو ماضی میں کیا اور جو اب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس انتشار سے ہر کوئی واقف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے بڑے عرصے سے پانی چوری کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا تھا اس کا بھی ایکشن لیا گیا اور پانی چوری کو بند کیا گیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.