سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی جبکہ عمران خان کو عدالتی حکم کے باوجود ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش نہ کیا گیا۔تفتیشی افسر نے توشہ خانہ رسیدوں کی ویری فکیشن کے لیے وقت مانگ لیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں عبوری ضمانت میں 7 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی ملزم نامزد ہیں جبکہ عمران خان 5 احتجاج اور توڑ پھوڑ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں نامزد ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔