اسموگ کے باعث لاہور میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی میں توسیع، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

0 3

اسموگ اور شدید دھند کے باعث لاہور شہر میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر 24 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پر ایک ہفتے کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم قومی اہمیت کے تعمیراتی منصوبے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

اس دوران ضلع لاہور میں ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی تاہم ہیوی ٹرانسپورٹ جو ایندھن، ادویات، اسپتال اور کھانے کی سپلائی کی اشیا لے جاتی ہیں وہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اینٹوں کے بھٹوں اور دیگر بھٹیوں پر مبنی صنعتوں کے کام پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شام 4 بجے کے بعد ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی جبکہ رات 8 بجے کے بعد ریسٹورنٹس سے کھانے لے جانے پر مکمل پابندی ہو گی، ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسافر بسیں جن کے پاس درست سرٹیفکیشن ہے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 کی گاڑیاں، پولیس اور جیل کی گاڑیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام مارکیٹس شام 8 بجے کے بند ہوں گی تاہم فارمیسی، میڈیکل اسٹورز، طبی سہولیات اور ویکسی نیشن سینٹرز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، پیٹرول پمپس، آئل ڈپو، تندور، بیکریاں، مٹھائی کی دکانیں، آٹا چکیاں، ڈیری شاپس بھی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق ای کامرس، کال سینٹرز، پوسٹل، کورئیر سروسز اور نادرا مراکز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز، بجلی،گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس اور نادرا مراکز بھی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، کلیکشن پوائنٹس پابندی سے مستثنا ہوں گے، آخری رسومات، نماز جنازہ، تدفین اور متعلقہ تقریبات، یوٹیلیٹی کمپنیاں، واسا، میونسپلٹی، این ٹی ڈی سی، ڈسکوز اور ایس این جی پی ایل پابندی سے مستثنیٰ رہیں گی۔

اعلامیے کے مطابق اسکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے اور اس دوران ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز 8 بجے تک کام کریں گی، سرکاری اور نجی اسپتالوں میں اسموگ کے مریضوں کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم ہوں گے جبکہ ریسکیو 1122 کا عملہ اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی ترجیحی بنیادوں پر فوری معاونت کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام فیصلوں کا اطلاق 16 سے24 نومبر تک ہو گا، شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات رات 10 بجے تک ایس او پیز کے ساتھ جاری رہیں گی، بیرونی کھیلوں، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.