پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ

0 3

پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ ہو گیا، برآمدات بھی بڑھ گئیں۔سعودی عرب، یو اے ای، بحرین، ترکی اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اور ان ممالک سے درآمدات میں 18 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب، یواے ای، بحرین، ترکی اور مغربی ایشیا کے دیگر ممالک کو برآمدات سے ملک کو 1.034 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 901.23 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا، ستمبرمیں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 322.97 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 338.40 ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 330.62 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2024 میں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 3.947 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 4.827 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 4.102 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

ستمبر میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 1.660 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 1.708 ارب ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 1.501 ارب ڈالر تھا، مالی سال 2024 میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 17.51 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.