ایام فاطمیہ کی اہمیت محرم سے کم نہیں،ان ایام کو بھرپور طریقے سے منائیں،آیت اللہ یعقوبی

0 3

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ ایام فاطمیہ ایک عظیم مناسبت ہے جو کہ کربلا سے کم نہیں ہے اس لیے اسے بھرپور انداز میں محرم الحرام کی طرح منایا جائے ایام فاطمیہ دراصل کربلا کی غمگین یادوں کا ایک تسلسل ہیں۔

ایام فاطمیہ حضرت سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے ایام کی مناسبت سے منائے جاتے ہیں ان ایام میں خاتون جنت سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے دکھوں کو یاد کیا جائے اور اپنی بچیوں اور خواتین کو سیرت سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کو اپنانے کی ترغیب دی جائے تاکہ دین کی حقانیت سے واقف ہو سکیں۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ ان ایام میں نہ صرف سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے غموں اور دکھوں کو یاد کیا جاتا ہے بلکہ اُن کی زندگی کے دوران اور بعد میں اُمت مسلمہ پر مرتب ہونیوالے اثرات کا بھی تذکرہ کیا جاتا ہے تاکہ عام آدمی تک اسلام کی حقیقت پہنچ سکے۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ کربلا کی مانند ایام فاطمیہ میں ظلم و بربریت اوراسلام کیلئے دی جانیوالی بہت بڑی قربانی کا ذکر کیا جاتا ہے سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کی زندگی میں بھی انصاف کے حصول کا تسلسل اور ظلم کیخلاف جدوجہد کی واضح نشانیاں ملتی ہیں ۔

سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے صبر و استقلال کی علامت تھیں آپؑ کے صبر کا اندازہ سیّدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کی زبان پر جاری ہونے والے اس شعر سے لگایا جا سکتا ہے کہ صُبَّت علیَّ مصائبُ لوانھّا صبّت علی الایّام صرن لیالیا(بابا جان آپ ﷺ کے جانے کے بعد مجھ پر اتنی مصیبتیں پڑیں کہ اگر روشن دِنوں پر پڑتیں تو وہ تاریک راتوں میں تبدیل ہو جاتے)۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ پیغمبر اکرم ﷺ کو اپنی بیٹی سے جتنا پیار تھا اُس کی کوئی مثال نہیں ملتی اسی لیے تو پیغمبر اکرم ﷺ نے فرمایا کہ«من احب فاطمة ابنتی فهو فی الجنة معی ومن ابغضها فهو فی النار؛ جو میری بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا سے محبت کرے گا وہ بہشت میں میرے ساتھ ہوگا اور جو ان سے دشمنی کرے گا وہ دوزخ میں ہوگا۔ اس لیے اطاعت پیغمبرﷺ کرتے ہوئے ہر مسلمان پر فرض ہے کہ جناب سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے دشمنوں سے اعلان برات کرتے ہوئے اہلبیت علیھم السلام سے محبت کے تقاضے کو پورا کرے۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام اور سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی قربانیاں، پھر ان کے بعد اہل بیت علیہم السلام کے دیگر افراد کی جدوجہد، اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ ایام فاطمیہ کی اہمیت واقعہ کربلا کی مظلومیت اور جدوجہد سے کم نہیں۔

کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی قربانی سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کی مظلومیت کی تکمیل کرتی ہے، اور اس وجہ سے محرم الحرام کی طرح ایام فاطمیہ کو بھی انتہائی سوگ کی کیفیت میں عزاداری اور ماتمداری کر کے منانا چاہیے یہ دونوں مواقع ہمیں ظلم کے خلاف اٹھنے، حق کی حمایت اور قربانی کی اہمیت کا درس دیتے ہیں۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کی وصیّت کے عین مطابق آپ ؑکا جنازہ رات کو اٹھایا گیا امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السّلام نے تجہیز و تکفین کا اہتمام کیاجبکہ نماز جنازہ میں صرف بنی ہاشم اور سلمان فارسی، مقداد،عماریاسرجیسے مخلص اور باوفا اصحاب ہی شریک ہوئے اور خاتون جنت ؑ کو خاموشی سے دفن کر دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.