ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے قائم کاس کیڈ خدمت مرکز کا افتتاح
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے قائم "کاس کیڈ” خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔
ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ میں پہلی بار "کاس کیڈ” جدید ترین خدمت مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، جس کے تحت ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کو 12 سے زائد خدمات ایک چھت تلے ملیں گی ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے "کاس کیڈ” خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس تصدیق، گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن کی سہولت میسر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، رضا کاروں کی رجسٹریشن،گاڑیوں کی تصدیق اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سفراء اور غیرملکیوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ مرکز سفارتی برادری اور تمام مہمانوں کے لیے سکیورٹی و خدمات کی فراہمی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، ڈپلومیٹک انکلیو سمیت پورے دارالحکومت کو خوبصورت بنانا مشن ہے، خدمت مرکز کے قیام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سفارتکاروں کی مابین روابط اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوں گے، 1500 سے زائد پولیس و ایف سی اہلکار اور 20 پولیس گاڑیاں ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکورٹی پر مامور ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سفارت کاروں کے ہمراہ کاس کیڈ خدمت مرکز کا دورہ بھی کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا ۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کے بارے میں بریفننگ دی ، تقریب میں شریک سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں کاس کیڈ خدمت مرکز کے قیام پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں سفارت کاروں کی بڑی تعدادنے شرکت کی جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔