جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے رہنما راشد سومرو کا کہنا ہےکہ مولانا فضل الرحمان کو آرام کی شدید ضرورت ہے، دوستوں کے شدید اصرار پر لندن میں 10 دن گزارنے پر راضی ہوئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں راشد سومرو کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان 3 ماہ سے 24 گھنٹےکام میں مصروف رہے ہیں، پاکستان میں قانون سازی اور 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے انہوں نے قابل فخر کردار ادا کیا۔
راشد سومرو کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان دوستوں کے شدید اصرار پرلندن میں 10دن گزارنے پر راضی ہوئے ہیں، مولانا فضل الرحمان ان دس دنوں میں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔
راشد سومرو کا مزید کہنا تھا کہ لندن میں قیام کے دوران مولانا فضل الرحمان صرف نجی دعوتوں میں شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نجی دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں۔