لاہور میں اسموگ کے پیش نظر ایک ہفتے کے لیے پرائمری تک اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے لاہور میں اسموگ کے باعث ایک ہفتے کے لیے پرائمری تک اسکول بندکرنےکانوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔جاری نوٹیفکیشن کے تحت چھٹی کا اطلاق پبلک اور پرائیوٹ اسکولوں پر ہوگا اور پرائمری سیکشن تک اسکول 4 سے 9 نومبر تک بند رہیں گے۔
اس حوالے سے پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اعلان کیا کہ پرائمری کلاسز سے اوپر بچوں کی صحت پر خصوصی نظر رکھی جائے، سرکاری اور نجی اسکولوں میں ماسک کی پابندی لازمی ہونی چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسموگ بھارت سے آئی اور ایک دم پھیل گئی، بھارت سے بات کیے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا, بھارتی ہوا کو نہ روک سکتےہیں نہ اس کا رخ موڑ سکتے ہیں, بھارت کےساتھ ڈائیلاگ سے ہی اسموگ کے معاملات بہتر کرسکتے ہیں، بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے4 نومبرکو وزارت خارجہ کو خط لکھیں گے.ان کا کہنا تھا کہ اسموگ کے تدراک کے لیے شارٹ اور میڈیم ٹرم اقدامات کیے گئے ہیں، مقامی سطح پر انفورس اور سرویلینس ہورہی ہے، اسموگ مقامی فیکٹریز سے مل کر اور زیادہ خطرناک ہوجاتا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شہری اس وقت میتھین کوسانس کےذریعےجسم میں اتار رہے ہیں، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمے ہوں گے اور انہیں گرفتار بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج بھی صبح سویرے لاہور کی فضا کا معیار انتہائی مضر صحت رہا، جس کے سبب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے۔اس حوالے سے حکومت پنجاب نےالرٹ جاری کیا تھاکہ بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانےسے لاہورکے ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیرمعمولی اضا فہ ہو سکتا ہے۔حکومت کی جانب سے خراب فضائی معیار کے باعث لاہور کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور کھڑکی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔