پاکستان سب سے پہلے، جو پلیئر بہتر ہوگا وہی ٹیم کا حصہ ہوگا: رضوان کا اعلان
میلبرن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نےکہا ہے کہ ہمارے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، جو پلیئر بہتر ہوگا وہی ٹیم کا حصہ ہوگا۔
آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نےکہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر آگے بڑھنا ہے، سلیکشن کمیٹی کے ممبر کے یہاں ہونے سے میں خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون میں میری بھی مشاورت ہوگی لیکن باقی لوگوں کی ان پٹ ہونا اچھی چیز ہے، میں مشاورت کے ساتھ چلنے والوں میں سے ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کے بھی مشورے لیتا ہوں، ابھی جو نوجوان کھلاڑی آئے ہیں ان کے پاس بھی موقع ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ بابر اعظم، شاہین اور نسیم کی پاکستان کے لیے بہت پرفارمنس رہی ہیں، آج بابر اور شاہین کا نام اپنی پرفارمنس کی وجہ سے ہی ہے، کھلاڑیوں پر برا وقت آتا ہے، وہ بھی اسی چیز سے گزر رہے ہیں، بابر اور شاہین اس چیز کو سمجھتے ہیں اور میں بھی انہیں جتنا ہوسکا، سپورٹ کروں گا۔